بنگلورو13؍جولائی(ایس اونیوز) معروف مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائک کے سلسلے میں پچھلے کچھ دنوں سے مغربی اور مقامی میڈیا میں چلائی جارہی کردار کشی مہم اور دہشت گرد عناصر سے انہیں جوڑنے کی مذموم کوششوں کو فوراً روکا جائے۔ یہ مطالبہ آج مشن پاسیبل کے سربراہ عمر شریف نے کہی۔ ایک اخبار ی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے دنوں بنگلہ دیش میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں سے ذاکر نائک کو غیر ضروری طور پر جوڑا جا رہا ہے ۔ ان حملوں سے متعلق ایک دہشت گرد کے فیس بک اکاؤنٹ میں محض ذاکر نائک کا نام لیا گیا ہے۔ جس کو بنیاد بناکر میڈیا نے ذاکر نائک کی کردار کشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذاکر نائک کی تقاریر میں صرف عوامی بیداری عام کی جاتی ہے، ان کے ذریعہ دہشت گردی کو ہوا دینے یا باہمی نفرت کو بڑھانے کی کوئی کوشش نہیں کی جاتی۔ غیر ضروری طور پر بدنیت میڈیا ذاکر نائک کو دہشت گردوں کی صفوں میں کھڑا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ذاکر نائک کو بدنام کرنے کی اس مہم کو روکا جائے، ورنہ میڈیا کے اس منفی رویہ کے خلاف احتجاج کی آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ذاکر نائک کے معاملہ پر میڈیا نے جو یک طرفہ اور منفی رویہ اپنایا ہے اس کے خلا ف کل شہر کے ٹاؤن ہال کے روبرو تمام مسلم تنظیموں کے نمائندوں اور عمائدین کی طرف سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے ، جس میں ڈاکٹر ذاکر نائک کی حمایت کا کھل کر اعلان کیا جائے گا۔ انہیں بدنام کرنے کیلئے مرکزی حکومت اور میڈیا کی طرف سے اپنائے جارہے حربوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیاجائے گا۔اس اخباری کانفرنس میں شہر کے متعدد دانشوران وعمائدین بشمول مختار احمدصدر کرناٹکا مسلم متحدہ تحریک نے شرکت کی۔